جنوبی وزیرستان: دہشتگردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، پاک فوج کے 2جوان شہید
دہشتگردوں کے وار تھم نہ سکے ، جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں نے سیکیوٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2جوان شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق جنوبی وزیرستان میں پاش زیارت کے قریب گزشتہ رات سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کی جانب فائرنگ کی گئی۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی فائرنگ کے بعد فوری جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2جوان حوالدار مطلوب عالم عمر32 سال اور سپاہی سلیمان شوکت عمر 25سال شہید جبکہ ایک سپاہی زخمی ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے جوان کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس کیلئے آپریشن جاری ہے۔
