ریلوے خسارہ ازخود نوٹس:وزیراعلیٰ سندھ کو توہین عدالت کانوٹس جاری

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ریلوے خسارہ ازخود نوٹس میں عدالتی...
شائع 26 نومبر 2020 12:34pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ریلوے خسارہ ازخود نوٹس میں عدالتی احکامات پرعملدرآمد نہ کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کانوٹس جاری کردیا اور2ہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے ریلوے خسارہ ازخود نوٹس پر سماعت کی،ایف ڈبلیواوکوتاحال ٹھیکہ نہ دینے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیئے کہ سرکولرریلوے کا کام 2 ماہ میں مکمل ہوجانا چاہیئے تھا ،صرف اوورہیڈ برج اورتھوڑا سا اورکام ہے ۔

چیف جسٹس نے ایف ڈبلیو اوسے کام نہ شروع ہونے کی وجہ پوچھی تو ایف ڈبلیو اوحکام نے سندھ حکومت کی منظوری نہ ملنے کا مؤقف اپنایا ۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ایف ڈبیلواونے کام شروع کیوں نہیں کیا ،جس پرفرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے سربراہ نے بتایا کہ انہوں نے سرکلر ریلوے کیلئے تعمیراتی کام کا ڈیزائن بنا کر دیا تھا لیکن اس ڈیزائن کی منظوری نہیں دی گئی۔

چیف جسٹس کے استفسار پر ایف ڈبیلواوحکام نے بتایاکہ سندھ حکومت نے تاحال ابھی تک اپروول نہیں دی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ چلیں وزیراعلیٰ سندھ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیتے ہیں ۔سپریم کورٹ نے عدالتی احکامات پرعملدرآمد نہ کرنے پروزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتےہوئے 2ہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے سیکرٹری ریلوے کوشوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔

Read Comments