”اسحاق ڈار اینکر کے سوالات کا جواب نہیں دے سکے عدالتوں کا کیسے دیں گے“
اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب وداخلہ شہزاد اکبر نے دعویٰ کیا ہے کہ اسحاق ڈار کئی جائیدادوں، گاڑیوں کے مالک اور بینکوں میں کروڑوں روپے بھی موجود ہیں، بی بی سی کو انٹرویو سے وہ ایکسپوز ہوگئے،اسحاق ڈار اینکر کے سوالات کا جواب نہیں دے سکے عدالتوں کا کیسے دیں گے۔
وفاقی وزراء شہزاد اکبر اور شہباز گل نے پریس کانفرنس میں اسحاق ڈار کے انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کہا مفروراسحاق ڈار نے انٹرویو میں کئی مضحکہ خیز باتیں کیں، عوام انٹرویو دیکھ کر محظوظ ہوئے، اسحاق ڈار اپنے اوپر لگائی گئی چارج شیٹ کا جواب نہیں دے رہے، وہ شاید کسی کے حکم پر غیر ملکی چینل کو انٹرویو دینے چلے گئے، انہوں نے اسحاق ڈار کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی سامنے رکھیں۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار ایسے مرض کا علاج کروا رہے ہیں جس کا علاج برطانیہ بھی نہیں ہے، وہ انٹرویو میں بے نقاب ہوچکے ہیں۔
شہباز گل نے بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو ایک کلرک نہیں بن سکتے وہ پاکستان کے وزیر خزانہ رہےیہ جہاں بھی جائیں ذلالت ان کا مقدر ہے، اداروں پر حملے کرنیوالے ملک کے خیرخواہ نہیں،سب نے دیکھ لیا اسحاق ڈار سے سوال گندم جواب چنا آیا۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ باہر بیٹھ کر یہ لوگ بولتے ہیں، ملک کا پیسہ لوٹ کر کہتے ہیں ہمارا موقف نہیں سنا جاتا، اسحاق ڈار تمام جرائم کے دائی ہیں۔
