چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا ای کورٹس سسٹم مزید فعال بنانے کا حکم
اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ای کورٹس سسٹم مزید فعال بنانے کا حکم دےدیا۔
کورونا وائرس سے متاثرہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن نے گھر سے کیسز کی سماعت کی، عدالتی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا۔
کورونا کیسز میں اضافہ کے خدشےکے پیش نظر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ای کورٹس سسٹم مزید فعال بنانے کا حکم دےدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے وکلاء اور سائلین کو بھی مقدمات کی پیروی آن لائن کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ وکلاء کسی بھی جگہ سے آن لائن کیسز میں دلائل دے سکتے ہیں، مقدمات کی تفصیل، تاریخ اور آرڈر شیٹ بھی آن لائن حاصل کی جاسکتی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام مقدمات کی جوڈیشل فائلز کا ای ریکارڈ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات کے عبوری فیصلوں کی بھی آن لائن سہولت ہوگی۔
حکام ہائیکورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اب تک 10 ہزار فائلز کی سکیننگ مکمل کر چکی ہے، مارچ سے اب تک درجنوں وکلاء آن لائن اپنے مقدمات کی پیروی کرچکے ہیں۔
