نیوکراچی میں گیس لیکج دھماکے سے عمارت کاایک حصہ منہدم،بچہ جاں بحق
نیو کراچی میں دعا ہوٹل کے قریب گیس لیکج دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا جبکہ حادثے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ 3خواتین سمیت 6افراد زخمی ہوگئے۔
کراچی کے علاقے نیوکراچی سیکٹر فائیو ڈی میں دعا ہوٹل کے قریب گھر میں کام کے دوران گیس لیکج کے باعث سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا ،دھماکے سے 2منزلہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ دھماکے سے عمارت میں آگ لگ گئی جسے علاقہ مکینوں نے بجھا دیا، عمارت کا حصہ گرنے اور آگ لگنے سے 10سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا اور3خواتین سمیت6افرادزخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیاگیا۔
جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 10سالہ مظہر اور زخمیوں میں 13سالہ انزیلہ،4سالہ فضل الرحمان ،35سالہ عادل ، 20سالہ نوشین ،18سالہ صباءاور 8سالہ سیف اللہ شامل ہیں ۔
عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں پانچ چھ سال سے گیس کی کمی ہے علاقہ مکین مجبورا سلنڈرخریدتے ہیں ۔
پولیس کے مطابق مکان سے گیس سلنڈر پھٹنے کے شواہد نہیں ملے، ممکنہ طورپر دھماکا گیس لیکج کی وجہ سے ہوا ہے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے حادثہ کو کلیئر قرار دے دیا ہے ۔
کراچی میں عمارت منہدم ہونے کے معاملے پرواقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار
دوسری جانب کراچی کے علاقے نیو کراچی میں 2منزلہ عمارت منہدم ہونے کے معاملے پر پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔
رپورٹ کےمطابق عمارت میں دھماکا سلنڈر دھماکا نہیں،علاقے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ رہتی ہے،گیس بند ہونے کے دوران گیس کا وال کھلا چھوڑاگیا، گیس بحالی کےبعد گیس خارج ہو کر گھر میں جمع ہوتی رہی ،گھرکے سربراہ نے سیگریٹ جلانےکی جیسےہی کوشش کی دھماکاہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق دھماکےمیں10سالہ بچہ جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے،دھماکے کے بعد گھر میں آگ بھی لگی۔