شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

لاہور:احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر ...
شائع 03 دسمبر 2020 10:50am

لاہور:احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہبازشریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے دیگر ملزمان کی حاضری مکمل کی اور مقدمے کے 3گواہ عدالت میں پیش ہوئے۔

شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے وکیل کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی۔

جج جوادالحسن نے کہاکہ پرول پررہائی توکل ختم ہوگئی تھی،جس پروکیل ملزمان نے کہاکہ پرول میں ایک روزتوسیع ہوگئی تھی۔

بعدازاں احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور کیس کی سماعت 8دسمبر تک ملتوی کردی۔

Read Comments