Aaj Logo

شائع 27 دسمبر 2020 07:13pm

'تیاری نہیں تھی تو حکومت جیسے امتحان میں کیوں بیٹھے؟'

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی تیاری نہیں تھی تو حکومت جیسے امتحان میں کیوں بیٹھے؟

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے لکی مروت میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر پیپلز پارٹی سے اظہار ہمدردی کرتاہوں لیکن گزشتہ12سالوں میں کئی بارپی پی پی کی حکومت کے باوجود بے نظیر بھٹو شہید کے قاتل گرفتار نہ ہونا پی پی اور پوری قوم کےلئے سوالیہ نشان ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو بڑے خطرات درپیش ہیں ۔ انڈیا نے اس وقت ہمارے ملک کا محاصرہ کیا ہواہے۔

وزیراعظم کہتے ہیں تھے کہ کشمیر کا سفیر بنوں گا۔انہوں نے کشمیر کا سفیر بننے کا اعلان کر کے مقبوضہ کشمیر بھارت کے حوالے کردیا۔ان حکمرانوں کے ہاتھوں میں ہمارا ملک محفوظ نہیں ہے۔آج بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے نمائندے اسلام آباد میں ہمارے فیصلوں پر اثرانداز ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پر دباؤ ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرے۔ہم کسی صورت بھی قبلہ او ل کی سرزمین سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیاتو یہاں سےسودی نظام کاخاتمہ اوریکساں نظام تعلیم کانفاذ کیاجائےگا۔تمام کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب جماعت اسلامی ہی کرے گی۔

انہوں نےکہاکہ عوام کو سبز باغ دکھانے کی روش سے باز آنا ہوگا ۔ہماری حکومت مخالف تحریک جاری رہے گی ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جلسوں کا شیڈول جلد جاری کریں گے۔

Read Comments