Aaj Logo

شائع 30 دسمبر 2020 09:19pm

فواد عالم کی ایک اننگز نے ٹیسٹ کرکٹ کی 144 سالہ تاریخ بدل ڈالی

ماؤنٹ منگنوئی: قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھی اننگز میں سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کی 144 سالہ تاریخ بنی بدل ڈالی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے آخری روز قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے چوتھی اننگز میں 11 برس بعد شاندار سنچری اسکور کی جو ان کے کیرئیر کی دوسری ٹیسٹ سنچری تھی۔

فواد عالم نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کی تھی تاہم وہ پھر ٹیم سے ڈراپ ہوگئے تھے اور 10 سال ٹیسٹ نہیں کھیلے۔ مڈل آرڈر بلے باز کی رواں برس ٹیم میں واپسی ہوئی تو وہ دورہ انگلینڈ میں خاص کارکردگی نہ دکھا سکے، تاہم انہوں نے آج نیوزی لینڈ کے خلاف دوبارہ سنچری اسکور کی اور 10 سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سنچری بنانے والے دنیا کے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اس کے علاوہ فواد عالم نیوزی لینڈ میں چوتھی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز ہیں، انہوں نے ایشیاء سے باہر چوتھی اننگز میں وکٹ پر سب سے زیادہ رکنے والے قومی کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

فواد عالم کیویز کے خلاف ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں 360 سے زائد منٹ وکٹ پر موجود رہے جو اس صدی میں ایشیاء سے باہر کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ ٹائم ہے۔ اس سے قبل اسد شفیق نے برسبین میں 2016 میں چوتھی اننگز میں 336 منٹ بیٹنگ کی تھی۔

Read Comments