شائع 13 فروری 2021 07:37pm

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: شاہینوں کا پروٹیز کو جیت کیلئے 145 رنز کا ہدف

لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے پروٹیز کو جیت کیلئے 145 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس جنوبی افریقہ کے کپتان ہینرچ کلاسین نے جیتا اور ایک بار پھر گرین شرٹس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم، افتخار احمد، حیدر علی، حسین طلعت اور خوشدل شاہ نے ایک بار پھر مایوس کیا جبکہ پہلے میچ کے سنچری میکر محمد رضوان نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کے ڈیوائن پریٹوریئس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں صرف 17 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ تبریز شمسی اور اینڈائل فیلوکوائیو بھی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، شاہینوں نے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے فتح سمیٹی تھی۔

Read Comments