Aaj Logo

شائع 25 فروری 2021 12:12pm

یکم مارچ سے اسکولوں کا نیا شیڈول، وفاقی وزیر تعلیم کا بڑا اعلان

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسکولوں میں بچوں کی تعداد سے متعلق پابندی ختم کرتے ہوئے یکم مارچ سے تمام اسکولز ہفتے میں 5 دن معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کورونا صورتحال میں بہتری کے باعث یکم مارچ سے تمام اسکولز معمول کے مطابق کھلیں گے، یکم مارچ سے بچوں کو ہفتے میں5 دن معمول کے مطابق اسکول آنا ہوگا اور بڑے شہروں میں50 فیصد بچوں کو بلانے کی پابندی بھی 28 فروری کو ختم ہو جائے گی۔

گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کے بعد 15 مارچ سے سینما ہالز اور ان ڈور شادیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

این سی او سی نے تجارتی مراکز اور پارکس میں اوقات کار کی پابندی اور 50 فیصد سٹاف کے گھر سے کام کی شرط بھی ختم کر دی تھی تاہم ماسک پہننے اور سماجی فاصلوں کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رہے گا۔

Read Comments