Aaj Logo

شائع 11 مارچ 2021 12:30pm

ق لیگ کا چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں حکومتی امیدوار کی حمایت کا اعادہ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی،جس میں سیاسی صورتحال اور چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بہترین حکمت عملی کے ذریعے پنجاب میں حکومتی اتحاد کے تمام امیدوار کامیاب ہوئے اور چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں بھی حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو کامیابی ملے گی،حکومت اور اتحادی جماعتیں چیئرمین سینیٹ الیکشن کے حوالے سے سب ایک پیج پر ہیں۔

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی نے کہا کہ اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے،مرکز کے بعد پنجاب میں سیاسی تماشا لگانے کی ہر سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے۔

Read Comments