Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 اپريل 2021 10:10pm

'جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو رول بیک نہیں کرینگے'

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو رول بیک نہیں کریں گے 29 اور 30 مارچ کو ہونے والے نوٹیفکیشن منسوخ کردیئے گئے ہیں جبکہ متعلقہ سیکرٹری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے. جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مزید فعال کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے جو اپنی سفارشات جلد پیش کرے گی۔

ایوان وزیر اعلی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام تحریک انصاف کے ایجنڈے میں شامل ہے جنوبی پنجاب کا بجٹ بھی 17 فیصد سے بڑھا کر 33 فیصد کردیا گیا ہے. ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پہلے سے 16 محکموں کی بجائے تمام صوبائی محکموں کے فعال ہونے کی سفارشات پیش کرے گی.

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں ملازمتوں کاا کوٹہ مختص کرنے کے لئے بل کابینہ میں پیش کیا جائے گا. وزیر اعلی نے کہا کہ میں خود مہینے میں ایک دن ملتان اور بہاولپور بیٹھوں گا جبکہ وزراء بھی مہینے میں دو دن ملتان اور بہاولپور جاکر عوامی معاملات کا جائزہ لیں گے. جبکہ جلد ملتان میں کابینہ کا اجلاس بلایا جائے گا۔

وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کو کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے. کیونکہ ہیلتھ سسٹم پر دباو بڑھ رہا ہے. آکسیجن کی کمی پوری کرنے کے لئے وفاق سے بھی رجوع کررہے ہیں.

وزیر اعلی نے مزید کہا کہ سازشیں کرنے والے اپنا کام کرتے رہیں گےاور ہم عوامی خدمت کا اپنا مشن پورا کریں گے. کابینہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بہتری کی گنجائش ہر وقت موجود ہوتی ہے. اتحادیوں بارے وزیر اعلی نے کہا کہ ہم مشورے سنتے ہیں اور عمل بھی کرتے ہیں ہمارے معاملات ٹھیک ہیں کوئی مسئلہ نہیں۔

Read Comments