Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 اپريل 2021 10:09pm

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران کے تین روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران کے تین روزہ سرکاری دورے پر آج سہ پہر تہران پہنچ گئے۔ وہ ایرانی قیادت سے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر بات چیت کریںگے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مشیر اور ایرانی وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل سید رسول موسوی، ایران میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور پاکستانی سفارت خانے کے سینئر حکام نے تہران میں امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیر خارجہ ایرانی صدر حسن روحانی، اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف اور دیگر اعلیٰ ایرانی حکام سے ملیں گے۔

ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون، اقتصادی تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور بشمول خطے کی صورتحال اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔

دونوں وزرائے خارجہ وفود کی سطح پر مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کریںگے۔فریقین افغان امن عمل میں تازہ ترین پیش رفت اور کشمیر کے تنازعے سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرینگے۔ وہ اقتصادی تعاون تنظیم کے تحت علاقائی تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی غور کریںگے۔

ریڈیو پاکستان

Read Comments