Aaj Logo

شائع 30 اپريل 2021 11:01am

مسلم لیگ (ن) کا نتائج میں تاخیر پر الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن)نے این اے 249کے نتائج سے متعلق الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا این اے 249 کے نتائج سے متعلق الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کے مفتاح اسماعیل این اے 249 کی سیٹ جیت چکے ہیں ،بلدیہ کراچی کے حلقے کے مخصوص پولنگ اسٹیشنز پرڈسکہ گیم پلان ٹوکی ریہرسل نہیں چلنے دیں گے،مخصوص حلقوں کے نتائج میں دکھائی جانے والی شرح پورے حلقے میں مجموعی ووٹنگ ٹرن آؤٹ سے زیادہ کیسے؟ ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن ڈسکہ والی دھند بلدیہ کے انتخابی نتائج پر آنے سے روکنےکیلئےفی الفور اقدامات کرے ،الیکشن کمیشن نوٹس لے کہ 2 گھنٹے سے ووٹوں کی گنتی کا عمل کیوں رکا ہوا ہے؟ 276 میں سے 144 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے 7894ووٹ ہیں ،جبکہ پیپلزپارٹی کے 6150 اور پی ٹی آئی کے 3251 ووٹس ہیں۔

ترجمان ن لیگ کا مزیدکہناتھا کہ ریٹرننگ افسرمیں موجود فارم 45 اتنے دھندلے ہیں کہ پڑھے ہی نہیں جا رہے،ہم یہ دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، بلدیہ کے عوام کا ووٹ لوٹنے نہیں دیں گے۔

Read Comments