Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 مئ 2021 02:10pm

صدر عارف علوی کا مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے متشدد حملوں پر اظہارِ تشویش

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطین کے صدر محمود عبّاس کو خط لکھا، جس میں رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر متشدد حملوں پر اظہارِ تشویش کیا، اور فلسطینی صدر اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدرمملکت نے حملوں میں شہید ہونے والوں کیلئے اظہارِ افسوس اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے فلسطینی صدر سے کہا کہ معصوم بچوں اور فلسطینیوں کے قتل پر آپ کے پاکستانی بہن بھائی آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اور پاکستان فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی تشدد اور غیر قانونی اقدمات کی پرزور مذمت کرتا ہے۔

صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور اِنسانی اقدار کے خلاف ہیں، ہم فلسطینیوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے، فلسطین کے حقوق کیلئے بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور ایک آزاد، پائیدار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا حامی ہے، پاکستان 1967 سے قبل کی سرحد اور القدس شریف بطور فلسطینی دارلحکومت کا حامی ہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

Read Comments