Aaj Logo

شائع 23 جون 2021 09:39am

نوازشریف اور آصف زرداری پر اوورسیز پاکستانیوں کو اعتماد نہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور صدر آصف زرداری پر اوورسیز پاکستانیوں کو اعتماد نہیں، سمجھ نہیں آرہاکہ ن لیگ اورپیپلز پارٹی کیوں اوورسیز پاکستانیوں سے خوفزہ ہیں، ہم ہر صورت میں سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں ۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سرکاری املاک کو گروی رکھ کر وزارت خزانہ کی سکوک بانڈز جاری کرنے کی سمری منظورکرلی ہے ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے 10لاکھ ٹن گندم درآمدکرنے اوراسلم خان کو پی آئی اے کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دی ہے، عاصم رؤف کی بطورچیئر مین ڈریپ مدت ملازمت میں 3ماہ کی توسیع دی گئی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اورسابق صدرآصف علی زرداری پر اوورسیز پاکستانیوں کو اعتماد نہیں، اس لےب دونوں جماعتیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انتخابات سے باہر رکھنا چاہتی ہیں،آئندہ انتخابات کو الیکٹرانک ووٹنگ پر منتقل کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

فواد چوہدری نے اپوزیشن کی طرف سے بلائی گئی اے پی سی کو پارلیمان کوکمزورکرنے کی سازش قراردیا اورکہاکہ اصلاحات کی بات کرنی ہے تو پارلیمان کے اندرموجود جماعتیں بات کریں، فضل الرحمان اور مریم نوازکو ہم اسٹیک ہولڈر نہیں سمجھتے، یہ لوگ توچاہیں کہ یہ نظام نہ چلے۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری کامزیدکہناتھاکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے پارلیمان جو بھی قانون پاس کرے اس پرعملدرآمد کرے،اگرکسی نے سیاست کرنی ہے توالیکشن کمیشن جیسے ادارے کے بجائے اپنی جماعت بنائے۔

Read Comments