Aaj Logo

اپ ڈیٹ 04 اگست 2021 02:54pm

تحریک انصاف نے قیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کردیا

اسلام آباد:آزاد کشمیر کا وزیراعظم کون ہوگا؟ تحریک انصاف کا فیصلہ آگیا،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )نے قیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کردیا۔

وزیراعظم کی تقرری کیلئے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ آج ہو گی جس کیلئے متحدہ اپوزیشن نے چوہدری لطیف اکبر کو نامزد کیا ہے۔

پی ٹی آئی نے بھی وزیراعظم آزاد کشمیر کا اعلان کردیا،قیوم نیازی کو وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کردیا گیا،جس کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کر دی ۔

سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے، سردار عبدالقیوم نیازی نے 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ ایل اے 18 پونچھ ون سے کامیابی حاصل کی تھی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے سردار عبدالقیوم نیازی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے گئے ہیں۔

یاد رہےکہ 53 ارکان پر مشتمل ایوان میں حکومت سازی کیلئے27 ووٹ درکار ہیں، تین مزید نشستوں پر کامیابی کے بعد پی ٹی آئی 32 نشستوں کی واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت سازی کرنے جارہی ہے۔

53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی 32، پیپلز پارٹی کی 12 اور مسلم لیگ ن کی 7 نشستیں ہیں جب کہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔

Read Comments