مرحومہ کلثوم نواز اور اسحاق ڈار کی بھی کورونا ویکسی نیشن کی جعلی انٹریز
میاں نوازشریف کے نام پر کورونا ویکسین کی تین جعلی انٹریز کے بعد ان کی مرحوم اہلیہ بیگم کلثوم نواز اور سمدھی اسحاق ڈار کی بھی کورونا کی فیک ویکیسین نیشن کر دی گئی۔ محکمہ صحت نے کارروائی کیلئے ایف آئی اے کو مراسلہ لکھ دیا۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی مرحوم اہلیہ بیگم کلثوم نواز اور رہنما مسلم لیگ نون اسحاق ڈار کے نام پر بھی کورونا ویکسین کی فیک انٹریز منظر عام پر آ گئیں-
نادرا کے ریکارڈ کے مطابق مرحومہ بیگم کلثوم نواز کو 5 اکتوبر کو میلسی میں پاک ویک کین سائنو کی سنگل ڈوز لگائی گئی۔
لندن میں مقیم اسحاق ڈار کے نام پر بھی 5 اکتوبر کو ہیلتھ یونٹ ڈی ایچ اے ملتان میں چائنیز کین سائنو کی سنگل ڈوز فیک ویکسینیشن انٹری کی گئی۔
میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے بھی فیک انٹری کی تصدیق کی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب نے ملتان اور میلسی کے سنٹرز کے ویکسینیٹرز عاشق حسین اور شمیلہ رسول کے خلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو مراسلہ لکھ دیا ہے-
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کورونا ویکسین لگانے کا سرٹیفکیٹ
اس سے پہلے بیرون ملک ہونے کے باوجود سابق وزیر اعظم نواز شریف کو لاہور میں کورونا ویکسین لگانے کا سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا۔ایم ایس کوٹ خواجہ سعید اسپتال نےواقعے کو سازش قرار دیا ہے۔محکمہ صحت نے کارروائی کےلئے ایف آئی اے سائبر کرائم کو خط بھی لکھ دیا۔
لاہور کے کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں بیرون ملک مقیم میاں نواز شریف کو کورونا ویکسین لگائے جانے کے معاملے نے ہلچل مچا دی۔
انٹری کے مطابق 22 ستمبر 2021 کو نواز شریف کو سائینو ویک کی پہلی خوراک لگائی گئی۔نادرا کی جانب سے تصدیقی ایس ایم ایس، دوسری ڈوز کی تاریخ اور سرٹیفکیٹ بھی جاری ہو گیا۔ جبکہ ان کے شناختی کارڈ کی معیاد 31 دسمبر 2019 کو ختم ہو چکی ہے۔ ایم ایس کوٹ خواجہ سعید اسپتال ڈاکٹراحمد ندیم نے واقعے کو سازش قرار دیا ہے۔
انٹری آپریٹرز ابوالحسن اورعادل رفیق کو معطل کر دیا گیا ہےجبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پرمحکمہ صحت پنجاب نےڈاکٹر منیراحمد کی سربراہی میں تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو24 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
محکمہ صحت نے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کےلئے ایف آئی اے سائبر کرائم کو خط بھی لکھ دیا ہے۔