فیاض چوہان کو دوبارہ ترجمان پنجاب حکومت کے عہدے سے ہٹادیا گیا
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان سے تیسری بار ترجمان پنجاب حکومت کا عہدہ واپس لے لیا۔ حال ہی میں وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بننے والے حسان خاور نئے ترجمان مقرر، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان سے ایک بار پھر پنجاب حکومت کی ترجمانی واپس لے لی گئی۔ ایوان وزیراعلیٰ نے حسان خاور کو ترجمان پنجاب حکومت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حسان خاور وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و خصوصی اقدامات بھی ہیں، جن کی بطور معاون خصوصی تعیناتی چند روز قبل ہی ہوئی تھی۔ تحریک انصاف کے تین سالہ دور میں فیاض الحسن چوہان تین بار ترجمان پنجاب حکومت بنے جبکہ صمصام بخاری، میاں اسلم اقبال اور فردوس عاشق اعوان بھی ترجمان پنجاب حکومت کے عہدے پر فائز رہ چکیں ہیں۔