سانحہ ماڈل ٹاؤن، دوسری جے آئی ٹی کیخلاف درخواست کی سماعت ملتوی

لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری جے آئی ٹی...
شائع 08 اکتوبر 2021 11:36pm

لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری جے آئی ٹی کیخلاف درخواست کی سماعت بیس اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے کابینہ اجلاس کی سمری اور جے آئی ٹی کی منظوری سے متعلق فائل پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں سات رکنی فل بنچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری جے آئی ٹی بنانے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ نئی جے آئی ٹی سپریم کورٹ کے حکم پر بنی۔ جسٹس ملک شہزاد نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ بہت سارے قانونی سوالات ہیں جنہیں لارجر بنچ کو دیکھنا چاہیے، اس پر لارجر بنچ نے کیا فیصلہ کیا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ حکومتی یقین دہانی پر معاملہ نمٹا دیا تھا۔ جسٹس ملک شہزاد نے جے آئی ٹی کی تشکیل کی فائل پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کتنی سماعتوں سے جے آئی ٹی تشکیل کی فائل طلب کر رہے ہیں، بتایا جائے فائل پیش کرنی ہے یا نہیں۔

عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی متاثرہ بسمہ امجد کے وکیل علی ظفر کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

Read Comments