Aaj Logo

شائع 15 اکتوبر 2021 07:55pm

'ناجائز منافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن'

وزیراعظم عمران خان نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اورناجائز منافع خوری کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی ۔ اور کہا کہ ناجائز منافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت چینی کی قیمت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، شہزاد اکبر اور معاون خصوصی شہباز گل شریک ہوئے ۔

پنجاب کے وزیر صنعت اور چیف سیکریٹری پنجاب نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل شروع ہے، شوگر ملز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگا دیے گئے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گنے کی مقدار اور پیدا شدہ چینی کی نگرانی کی جا ئے گی جبکہ تمام شوگر ملز سے کرشنگ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر معلومات جمع کی جائیں گی۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوگر ملز کی نگرانی کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ناجائز منافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن ہیں۔

Read Comments