Aaj Logo

شائع 18 اکتوبر 2021 09:18pm

'حزب اختلاف کی کوئی جمہوری ساکھ نہیں، وہ صرف ڈیل کی تلاش میں ہے'

وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ حزب اختلاف کی کوئی جمہوری ساکھ نہیں ہے اور وہ صرف ڈیل کی تلاش میں ہے۔

پیر کے روز اسلام آباد میں خطاطی کی ایک نمائش کےافتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف کی کوئی سیاسی،انتظامی یا اقتصادی پالیسی نہیں ہے اور وہ احتجاج کےلئے محض ایک بہانہ ڈھونڈ رہی ہے۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ حزب اختلاف کے پاس مہنگائی یا پاکستان کو درپیش مسائل سے نمٹنے کےلئے کوئی حل ہے تو اسے پیش کرناچاہیئے۔

چوہدری فواد حسین نے کہاکہ آج آٹے کی قیمت میں کمی کی گئی جبکہ گنے کی شاندار فصل کی وجہ سے چینی کی قیمت میں بھی کمی متوقع ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت گھی،گندم،بجلی اور دیگر اشیائے ضروریہ پر اعانت فراہم کررہی ہے لیکن یہ بات مدنظر رکھی جانی چاہیئے کہ پورا ملک سبسڈی پرنہیں چل سکتا۔

انہوں نے سوال کیاکہ ایک ایسا ملک جسے غیرملکی قرضے دینے ہوں کیا وہ تمام اشیاء پر اعانت دے سکتا ہے۔

ریڈیو پاکستان

Read Comments