Aaj Logo

شائع 21 اکتوبر 2021 10:09am

شادی پر کونسا گانا بجاؤں؟ جمائما کے سوال پر عوام کو نیا موقع مل گیا

وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا صارفین سے شادیوں پر بجنے والے بہترین کنٹمپریری پاپ گانوں کی فہرست مانگی تو عوام کو ہنسی مزاح کا ایک اور موقع فراہم ہوگیا۔

جمائما نے اپنے ٹوئٹر پر سوال پوچھا کہ آج کل شادی پر چلانے کے لیے پاکستان کا بہترین پاپ گانا کون سا ہے؟

جمائما کا سوال کرنا تھا کہ ایسا لگا جیسے عوام پہلے ہی اس کا جواب لیے منتظر بیٹھے ہیں، فوراً سے پیشتر سب اپنی اپنی تجاویز لیے حاضر ہوگئے۔

کوئی "لٹھے دی چادر" لیے آیا تو کسی نے کہا کہ شادی پر "تبدیلی آئی رے" کی تجویز پیش کی۔

ایک من چلے نے تو مسلم لیگ ن کا ترانہ چلانے کی فرمائش کر دی جبکہ ایک صارف نے جمائما سے میشا شفیع کی آواز میں گانا "آیا لاڑھیے نی تیرا" چلانے کا کہا۔

ایک صاحب نے تو پشاور کی شادی کا ایک وائرل کلپ پپیش کردیا، تاہم اس پر ڈریک کا انگریزی گانا لگا تھا، ساتھ ہی لکھا 'ہوسکتا ہے کہ ہماری پسند دوسرے سے بہت مختلف ہو۔'

ان کے سوال پر لوگوں نے گانے تو بہت سے تجویز کیے مگر ایک سوال یہ بھی ہے کہ یہ گانا کس کی شادی پر چلانے کے لیے چاہیے؟

یاد رہے کہ عمران خان کے بیٹے سلیمان کی عمر 25 سال اور قاسم کی عمر 22 سال ہے۔

Read Comments