شمالی وزیرستان : مغوی وکیل عتیق داوڑ بازیاب
شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی سے 8 ماہ قبل اغواء ہونے والے عتیق داوڑ رہا کردیئے گئے نامعلوم اغواء کاروں نے مغوی کو باقاعدہ انتظامیہ کے حوالے کردیا۔
فروری کے آخری ہفتے میں شمالی وزیرستان کے تحصیل میرعلی سے پانچ دیگر افراد کے ہمراہ عتیق اللہ داوڑ کو بھی اغواء کرلیا گیا تھا۔ جنہیں افغانستان منتقل کر لیا گیا تھا عتیق اللہ داوڑ کی بازیابی کیلئے بنوں بار میں وکلاء نے متعدد بار احتجاج اور عدالتوں سے بائیکاٹ بھی کیا۔
اس سے قبل نامعلوم اغواء کاروں نے ایک مغوی کو قتل جبکہ تین مغویوں کو رہا کیا تھا اور مزید افراد کی بازیابی کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک تھی تاہم آج عتیق اللہ داوڑ کو بھی رہائی مل گئی ہے اور اغواء کاروں نے باقاعدہ طور پر انتظامیہ کے حوالے کردیا ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل مغویوں کی افغانستان سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں انہوں نے پاکستان کی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے رہائی دلوانے کا مطالبہ کیا تھا۔