Aaj Logo

شائع 25 اکتوبر 2021 08:13pm

'پاکستان، کینیڈا کے ساتھ طویل مدت، کثیر الجہتی پائیدار تعلقات چاہتا ہے'

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے کینیڈین ہائی کمشنرنے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

آئی ایس پی آرکے مطابق پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنرنے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا ۔ جہاں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مجموعی علاقائی صورتحال، افغانستان میں امن اوراستحکام پر بھی بات چیت کی گئی ۔

ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کی روایت کو برقراررکھنا چاہتا ہے ۔ پاکستان، کینیڈا کے ساتھ طویل مدت، کثیر الجہتی پائیدار تعلقات چاہتا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں عالمی سطح پر ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کاوشوں سے انسانی بحران سے بچا جا سکتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں کینیدین ہائی کمشنر نے افغان صورتحال میں پاکستانی کردار کو قابل قدر قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلاء آپریشن میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے دوطرفہ بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ۔

Read Comments