میٹرک سائنس گروپ کے نتائج جاری
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے (ایس ایس سی) پارٹ ٹو جماعت دہم سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات برائے سال 2021 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
اس موقع پر ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو، انسپکٹر آف انسٹیٹیوشنز سید محمد علی شائق، رزلٹ کمیٹی کے ممبران اور دیگرافسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ طلباء وطالبا ت یہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اور ایس ایم ایس سروس bsekلکھ کر اسپیس دیں اور اپنا رول نمبر لکھ کر 8583 پر بھیج کر نتائج دیکھ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سائنس گروپ میں 156287 طلباء و طالبات رجسٹر ڈ ہوئے جن میں سے 148940طلباء و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ دونوں پرچوں میں غیر حاضر طلباء وطالبات کی تعداد 2263 اور صرف ایک پرچے میں غیر حاضر طلباء وطالبات کی تعداد 7347 رہی۔ امتحانات میں شامل ہونے والوں میں 84945طلباء اور 71342 طالبات شامل ہیں۔
کامیابی کا تناسب 98.48فیصد رہا، کامیاب طلباء و طالبات میں سے 41476 نے اے ون گریڈ، 24977 نے اے گریڈ، 23754 نے Bگریڈ، 23213 نے Cگریڈ، 22444نے D گریڈ اور 10204 نے Eگریڈ حاصل کیا۔ جبکہ اضافی پرچہ دینے والے کامیاب طلباء و طالبات کی تعداد 609 رہی، اس طرح تمام پرچوں میں کامیاب طلباء وطالبات کی تعداد 146677 رہی۔
ناظم امتحانات ظہیرالدین بھٹو کا کہنا ہے کہ نتائج میں شفافیت اولین ترجیح ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ تین روز میں طلباء و طالبات کی مارک شیٹس انکے اسکولوں کو فراہم کردی جائیں گی۔ کورونا وباء کے باعث طلبہ و طالبات کی پڑھائی متاثر ہوئی لیکن طلباء محنت اور لگن سے آگے بڑھ کر تعلیمی نقصان پر قابو پاسکتے ہیں۔