' کالعدم تنظیم سے معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنیکی کوشش کی'

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ملک میں کسی قسم کی قتل وغارت نہیں...
اپ ڈیٹ 01 نومبر 2021 09:50pm

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ملک میں کسی قسم کی قتل وغارت نہیں چاہتے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔

وزیراعظم نے کمیٹی کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ملک میں خون خرابہ ہو، اسی کالعدم تنظیم سے معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی۔

اجلاس میں کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج پر بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں کسی قسم کی قتل وغارت نہیں چاہتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بد امنی کا کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔حالیہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل تھے،وہ کبھی طاقت کے استعمال اورانتشار کے حامی نہیں رہے۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم کے شرکاء نے سعد رضوی کی رہائی تک لانگ مارچ ختم نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

کالعدم تنظیم کے لانگ مارچ کے شرکا ءحکومت سے معاہدے کے باوجود آج بھی وزیر آباد کے قریب جی ٹی روڈ پرموجود ہیں۔

قائدین کا کہنا ہے کہ معاہدے پر عملدرآمد تک پرامن طور پر وزیرآباد میں ہی قیام کریں گے۔

وزیرآباد کا گجرات اورگوجرانوالہ سے زمینی رابطہ آج بھی مکمل طور پر منقطع ہے، وزیرآباد بائی پاس پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔

چناب پل پر بھی کنٹینرز موجود ہیں، راستے بند ہونے کے باعث متاثرہ شہروں میں اشیائے خورونوش اوردیگر ضروری سامان کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے۔

وزیرآباد، علی پور چھٹہ اور دیگر متاثرہ شہروں میں تمام تعلیمی ادارے آج بھی بند ہیں، بائی پاس سے چناب پل تک کے تمام کاروباری مراکز مکمل بند ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی بحال نہیں ہوسکی۔

کالعدم تنظیم کا لانگ مارچ ختم کروانے کیلئےسابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان بھی رات گئے وزیرآباد پہنچے۔

کارکنوں سے اپنے خطاب میں مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ اگرحکومت کی طرف سے معاہدے میں کوئی خیانت ہوئی تو ہم بڑی طاقت سے دوبارہ میدان میں آئیں گے۔

اس موقع پر مفتی منیب الرحمان کے ساتھ مجلس شوریٰ کے کچھ اراکین بھی موجود تھے۔

Read Comments