'سڑکیں کھول دی گئیں، مطالبات کی منظوری پر مظاہرین گھروں کو چلے جائیں گے'

رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ...
شائع 01 نومبر 2021 08:38pm

رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ معاملات طے ہوگئے۔ سڑکیں کھول دی گئیں،مطالبات کی منظوری پر مظاہرین گھروں کو چلے جائیں گے۔

مفتی منیب الرحمن نے قوم کو خوشخبری سنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کے ساتھ ماضی میں دھوکہ کیا گیا۔ امید ہے اب ادارے معاہدے پر عملدرآمد کریں گے۔

مفتی منیب الرحمن نجی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید سنائی کہ معاملات طے پاگئے ہیں۔

مفتی منیب کاکہنا تھا کہ مذاکرات میں کیا طے پایا ۔ وہ ہمارے عمل سے معلوم ہوجائے گا۔

مفتی منیب الرحمن نے مزید کہا ہم نے پہلے ہی کہا تھا فتنہ پرور وزیروں کی زبان بند کی جائے۔ جن کا نعرہ غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے ہو ۔ ان کو دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا۔

مفتی منیب الرحمن نے مزید بتایا جن وزرا پر اعتراض تھا ان کو مذاکرات میں نہیں بٹھایا گیا۔ مطالبات منظور ہونے پر مظاہرین گھروں کو چلے جائیں گے۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں شکرانے کے نوافل ادا کریں۔

ادھر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ملک میں کسی قسم کی قتل وغارت نہیں چاہتے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔

وزیراعظم نے کمیٹی کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ملک میں خون خرابہ ہو، اسی کالعدم تنظیم سے معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی۔

اجلاس میں کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج پر بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں کسی قسم کی قتل وغارت نہیں چاہتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بد امنی کا کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔حالیہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل تھے،وہ کبھی طاقت کے استعمال اورانتشار کے حامی نہیں رہے۔

Read Comments