ایف آئی اے :جعلی سم پر جرائم کرنے والا گروہ گرفتار
ایف آئی اے سائبر کرائمز کراچی نے رینجرز کی مدد سے موبائل سم کارڈ کے ذریعے جعلسازی سمیت دیگر جرائم کے گروہ کے سرغنہ سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان تھرپارکر میں قرض فراہم کرنے والی این جی او کے ذریعے سادہ لوح شہریوں کے شناختی کارڈ نمبر پر موبائل سم ایکٹو کرتے تھے جو مختلف جرائم میں استعمال کی جاتی ہیں۔
گرفتار ملزمان میں این جی او کے 7 اور موبائل فرنچائز میں کام کرنے والے 4 افراد شامل ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائمز کراچی عمران ریاض نے بتایا کہ تھرپار میں قرض دینے کے بہانے شہریوں کے شناختی کارڈ جمع کرنے والی این جی او کے سربراہ سمیت 7 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کی نشاندہی پر کراچی میں موبائل فون فرنچائز پر چھاپے ماکر 4 ملزمان ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 15سو ایکٹیو موبائل سمز برآمد ہوئیں جو جعلسازی سمیت مختلف جرائم میں استعمال کیلئے فراہم کی جاتی ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے بایو میٹرک ڈیوائسز اور جعلی انگوٹھوں کے نشانات بھی برآمد کرلئے گئے ہیں، جبکہ مزید کارروائی بھی جاری ہے ۔