وفاق: تحریک لبیک پاکستان سے تمام پابندیاں ہٹانے کی منظوری

تحریک لبیک پاکستان سے تمام پابندیاں ہٹانے کی منظوری دے دی گئی ۔...
شائع 06 نومبر 2021 10:15pm

تحریک لبیک پاکستان سے تمام پابندیاں ہٹانے کی منظوری دے دی گئی ۔ ‏وفاقی حکومت نے ٹی ایل پی پر بھی پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے پابندی ختم کرنے کی منظوری دی۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے کابینہ کو پابندی ہٹانے کی سمری بھیجی تھی۔

پہلے مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ حکومت اور ٹی ایل پی میں معاہدہ ہوگیا ہے جس کے بعد اب یہ اقدام کیا گیا ہے ۔

حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کا معاہدہ ، مفتی منیب

اس سے پہلے اکتیس اکتوبر کو معروف عالم دین اوررویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا تھا کہ حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، علی محمد خان اور مفتی منیب الرحمان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جبکہ تحریک لبیک شوریٰ کے علامہ غلام عباس فیضی اور مفتی محمد عمیر بھی پریس کانفرنس میں شریک ہوئے۔

مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے جوان دفاع وطن اور پولیس کے جوان فرض منصبی ادا کرتے ہوئے شہید ہوئے، تحریک لبیک کے دھرنے پر وزیر اعظم نے سنجیدہ اور ذمہ داران پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی قائم کی، حکومتی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، اسد قیصر اور علی محمد خان شامل تھے۔

سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان میں معاہدہ طے پا گیا ہے، حکومت اور ٹی ایل پی معاہدے کو حافظ سعد رضوی کی تائید حاصل ہے۔

مفتی منیب الرحمان کامزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ٹی ایل پی دھرنے سے متعلق خصوصی کمیٹی تشکیل دی، جس میں سنجیدہ، مدبر اراکین پر مشتمل ہے، کمیٹی کو اختیارات دینےپر وزیراعظم کے مشکور ہیں، فریقین کے درمیان اتفاق رائے سے طے ہونے والا معاہدہ کسی کی فتح یا شکست نہیں بلکہ یہ پاکستان، اسلام اور انسانی جانوں کی حرمت کی فتح ہے اور یہ مذاکرات جبر اور تناو کے ماحول میں نہیں بلکہ سنجیدہ ماحول میں ہوئے، دونوں فریقین کی جانب سے مذاکرات میں سنجیدہ رویہ اختیارکیا گیا، تناو کی فضا میں جذبات کو قابو میں رکھنا دانشمندی ہے۔

Read Comments