پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 10 نومبر کو بلانے کا فیصلہ
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 10نومبر کو بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے دو اہم بل منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے، قومی اسمبلی سے منظور مگر سینیٹ سے نامنظور 18 کے قریب بل بھی قانون سازی کے لئے مشترکہ اجلاس میں پیش ہوں گے۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا انتخابات میں استعمال بھی انتخابی اصلاحات کے بلوں کا حصہ ہیں۔
اجلاس میں 18 کے قریب ایسے بل بھی قانون سازی کے لئے پیش ہوں گے جو قومی اسمبلی نے تو منظور کیئے تاہم سینیٹ سے مقررہ وقت میں حکومت پاس نہ کراسکی۔
مسلم عائلی قوانین کی دفعہ 7 میں ترمیم کا بل مشترکہ اجلاس میں پیش ہوگا، نجکاری کمیشن بل 2020، کاروباری کمپنیات بل 2021، محفوظ منتقلی رقوم بل 2021 اجلاس میں زیر غور آئیں گے، ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن بل 2021، قرضہ جات زرعی تجارتی و صنعتی بل 2021 اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی بل 2021، پورٹ قاسم اتھارٹی بل 2021، پاکستان قومی جہاز رانی کارپوریشن بل 2021 اور گوادر پورٹ اتھارٹی بل 2021 ایوان کے سامنے رکھے جائینگے۔