ای وی ایم پر اتحادیوں کے تحفظات دور، پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ

حکومت نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے حوالے سے قانون سازی پر ...
شائع 15 نومبر 2021 07:36pm

حکومت نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے حوالے سے قانون سازی پر اتحادیوں کے تحفظات دور کردئیے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مشاورت کے بعد بدھ کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیرداخلہ شیخ رشید کے مطابق اجلاس میں 32 کے بجائے 8 بلز منظوری کیلئے پیش کئے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں اتحادیوں کے الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر تحفظات دورکردیئے ۔

اتحادیوں کی جانب سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ای وی ایم سمیت آٹھ بلز پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ اتحادیوں سے مشاورت کے بعد بدھ کو دن دو بجے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ جبکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس دن بارہ بجے ہوگا۔

اس موقعے پر وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے سوالوں پر وزیراعظم نے خود جواب دیئے ۔ ق لیگ اور ایم کیو ایم نے ای وی ایم سمیت دیگر بلز پر حمایت کا یقین دلایا ۔

وزیراعظم سے ہوئے والے اتحادی جماعتوں کی ملاقات میں وفاقی وزرا، ایم کیو ایم کی جانب سے وفاقی وزیر مین الحق، ق لیگ کی طرف سے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، کامل علی آغا اور بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور کاکڑ نے شرکت کی جبکہ جے ڈی اے کی طرف سے ڈاکٹر فہمہدہ مرزا بھی اجلاس میں شریک ہوئی۔

پہلے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس موخر، اپوزیشن کی تنقید

پہلے بھی پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھا اور اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا تاہم پھر اچانک اسکو موخرکردیا گیا تھا۔ جس پر اپوزیشن نے شدید تنقید کی تھی۔

سینیٹ میں اپوزیشن اراکین نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے مبینہ التوا پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اچانک سے اجلاس بلایا جاتا ہے اور پھر مؤخر کر دیا جاتا ہے۔ بہتر ہے پارلیمنٹ کو تالے لگا دیئے جائیں ۔

سینیٹ اجلاس کی صدارت چئیرمین صادق سنجرانی نے کی ۔

اجلاس میں اپوزیشن لیڈریوسف رضا گیلانی ،سینٹر رضا ربانی اور دیگر نے کہا کہ اراکین ملک بھر سے تیاری کے ساتھ آۓ ہیں اور اب کہا جا رہا ہے کہ مشترکہ اجلاس موخر کیا جا رہا ہے۔

اس موقعے پر سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کے فیصلوں سے پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا، امریکہ کو ہوائی اڈوں کے دئیے جانے کا معاملہ ہے، ٹی ٹی پی سے مزاکرات کے معاملات سے پارلیمان کو آگاہ نہیں کیا گیا۔

رضا ربانی کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان نے احتجاج اورشورشرابا کیا۔

Read Comments