'کلبھوشن سے متعلق بل سزا پر عملدرآمد کا راستہ'

وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے...
شائع 20 نومبر 2021 12:17am

وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ کلبھوشن سے متعلق بل سزا پر عملدرآمد کا راستہ ہے، کلبھوشن کو نکالنے کا راستہ نہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں مرزا شہزاد اکبر نے کہا براڈ شیٹ معاملے پر کارروائی ہونے جارہی ہے، ایف آئی اے نے ریکارڈ مانگا تو نیب نے تحفظات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت قانون نے رائے دی کہ نیب سے تحقیقات ہو سکتی ہیں۔ شہزاد اکبر نے کہا نوازشریف کی حوالگی کیلئے یو کے کو درخواست دینا 10 سال تک ٹرک کی بتی کے پیچھے لگنے جیسا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو برطانوی قوانین کے تحت بے دخل کرانے کیلئے تین خطوط لکھے، برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بتایا نواز شریف کے وزٹ ویزہ میں توسیع نہیں ہو سکتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رانا شمیم کے بیان حلفی میں حقائق ہی درست نہیں ہیں، ن لیگ صرف مظلومیت کا بیانیہ بیچ رہی ہے۔ اسحاق ڈار کی حد تک حدیبیہ کیس کھولنے کا ابھی کوئی فائدہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کلبھوشن کے معاملے پر عالمی عدالت کا دائرہ اختیار نہیں ماننا چاہئے تھا، مان لیا تو فیصلے پر عمل کرنا ہو گا، کلبھوشن سے متعلق بل سزا پر عملدرآمد کا راستہ ہے، کلبھوشن کو نکالنے کا راستہ نہیں۔ کلبھوشن سے متعلق بل ناکام ہوتا تو بھارت فوری دوبارہ عالمی عدالت انصاف چلا جاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نکتہ اٹھا سکتا تھا کہ پاکستان میں کلبھوشن کے پاس اپیل کا راستہ نہیں۔

شہزاد اکبر نے مزید کہا برطانیہ سے ملزمان کی حوالگی کے نئے معاہدے پر ڈرافٹ تیار ہے، برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ ڈی پورٹ کرنے والے شہریوں کا کریمنل ریکارڈ بھی شیئر کرے۔

Read Comments