'الیکشن کمیشن کو ای وی ایم مشین فراہم کرنےکےلئے تیارہیں'
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ای وی ایم مشین فراہم کرنےکےلئے تیارہیں،الیکشن کمیشن کوچاہیے کہ ای وی ایم کےلئے ٹینڈرجاری کرے،
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ گوادراحتجاج کے معاملہ پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے اسد عمر اورزبیدہ جلال کو گوادر جانے کی ہدایت کی ہے ۔ ملک میں یوریا کی قیمت میں 10فیصد کمی ہوئی ہے ۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے پرانے نوٹوں کو تبدیل کرانے کےلئے ایک سال دیاہے۔ اسلام آباد میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پرالیکشن کمیشن کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ۔
الیکشن کمیشن نے وزرات سائنس کو خط لکھا اوراسلام آباد میں الیکشن کے لئے 39 سو مشینیں مانگی ہیں ۔ وزرات سائنس نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دے دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو ای وی ایم مشین فراہم کرنےکےلئے تیارہیں،الیکشن کمیشن کوچاہیے کہ ای وی ایم کےلئے ٹینڈرجاری کرے،اربوں روپے کا سدرن بلوچستان کےلئے پیکج کااعلان کیاجاچکاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت صحت اور راشن کارڈ میں حصہ نہیں لے رہی، ملک میں ٹماٹر ،مرغی اور آلوکی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود دالیں باہر کے ملک سے منگوانا پڑتی ہیں،اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے حوالے سے ہمارا ملک خطے میں سب سے سستاہے،سندھ میں آٹا پورے ملک کے مقابلے میں مہنگا مل رہاہے۔
وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کراچی اور لاہور میں آٹے کی قیمیت کا موازنہ کریں ۔ کراچی میں 1347 اور کوئٹہ میں 1400 روپے کا آٹے کا تھیلا ہے،کراچی میں چینی 97 اورملک کے دیگر شہروں میں 90 روپے کلو ہے،کراچی میں دودھ ، گندم ، شوگر کی قیمیت سندھ میں کنٹرول میں نہیں ۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت ناراض ہونے کی بجائے اشیاء کی قیمتیں کنڑول کرے،گیس مسئلے کے باوجودکھاد کے معاملے کو بہترین انداز میں حل کیاگیا ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ یوریا کی ہمارے دور میں ریکارڈ پیداوارہوئی، رواں سال 33 ملین ہٹرک ٹن کھاد تیار کی گئی،
انہوں نے مزید کہا کہ شوگرکی پالیسی کے حوالے سے بحث کروانے جارہے ہیں، شوگر ریفارمز کمیٹی کی رپورٹ آج جاری کی جارہی ہے ۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ملک میں 25فیصدلوگوں نے کورونا ویکسین لگوالی ہے۔ دو کروڑ افراد نے کورونا ویکسین کی صرف ایک ڈوزلگوائی ہے،کورونا ویکسینیشن مکمل ہونے سے قوت مدافعت بڑھتی ہے ۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ افغانستان کےلئے ویزہ پالیسی میں نرمی کی جارہی ہے،گیس کے شعبے کی ڈی ریگولرائزیشن کی جارہی ہے،گیس سلنڈر کے حوالے سے جامع پالیسی لارہے ہیں،او آئی سی کے اجلاس میں افغان بھائیوں کےلئے ہرممکن مدد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فارما اندسٹری پہلی بار اپنے پاؤں پر کھڑی ہوئی ہے، ادویات کی قیمتوں کےحوالے سے غیرضروری مہم شروع کی جاتی ہے،قانون بنانے کا حتمی اختیارپارلیمنٹ کے پاس ہے، کابینہ نے پاکستان ، قازقستان کے مابین فضائی روٹ کی منظوری دیدی، پاکستان اور عراق کے مابین فضائی روٹ میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی ۔