خیبرپختونخوا میں تبدیلی کاجنازہ، 'اس کی تدفین ہم پنجاب میں کریں گے'
مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے رشتے، شادیاں اور فنکشنز گناہ کی طرح چھپانے والوں میں سے نہیں ہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ جتنا بڑا بدتمیز ہو وہ اس نئے پاکستان میں اتنے بڑے عہدے پر نظر آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج خیبرپختونخوا میں تبدیلی کا جو جنازہ اٹھا ہے اس کی تدفین ہم پنجاب میں کریں گے۔
دوسری جانب شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے امکان پر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی درخواست واپس لینے کا مطالبہ کر دیا،وہ کہتے ہیں حکومت بجلی کی قیمت بڑھا کر بھی گردشی قرض کم نہیں کرسکی، قیمتیں بڑھانا مسئلے کا حل نہیں۔
اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہر ماہ بجلی اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ قوم کا معاشی استحصال اور قتل ہے، ہر اضافے پر قوم کو یاد آ جاتا ہے کہ بجلی کی قیمت بڑھانے والا وزیراعظم چور ہوتا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ بجلی کی قیمت بھی بڑھتی جا رہی ہے لیکن پھر بھی گردشی قرض تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کو مزید تکلیف دینے کے بجائے حکومت مستعفی ہوجائے، یہ حکومت عوام کے لئے مستقل تکلیف بن چکی ہے۔