اورنج لائن اور گرین لائن منصوبے پی ٹی آئی کا مکمل کرنے کا دعویٰ
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ اورنج لائن لاہور اور گرین لائن کراچی جیسے بند اور تاخیر کا شکار منصوبے عوامی فائدے کیلئے مکمل کئے ہیں۔
اپنے وڈیو بیان میں حسان خاور کا کہنا تھا کہ 2018 میں ن لیگ حکومت نے ایک دیوار اور گیٹ لگا کر تختی لگائی جس پر ڈیڑھ سے دو ارب روپے لگائے گئے۔
حسان خاور نے مزید کہا کہ ہم نے اورنج لائن لاہور اور گرین لائن کراچی جیسے بند اور تاخیر کا شکار منصوبے عوامی فائدے کیلئے مکمل کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ن لیگ لاہور ٹیکناپولس آ کر تصویریں کھنچوانا چاہے تو ہم ان کا استقبال کریں گے۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے لاہور ٹیکناپولس کا سنگِ بنیاد رکھا اور حسبِ توقع مسلم لیگ ن کو خاصی تکلیف ہوئی۔
دوسری جانب ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کہتی ہیں عمران خان آج اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کا 2014 میں افتتاح ہوچکا۔عمران خان منصوبوں کے دوبارہ افتتاح چھوڑیں گھر جانے کی منصوبہ بندی کریں۔
مریم اورنگزیب نے ٹویٹ لکھا کہ عمران خان نے شہباز شریف کی بنائی ہوئی تمام لائبریریاں بند کردیں۔
ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے گھر جانے سے ہی عوام کو مہنگائی، بے روزگاری سے نجات ملے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عمران خان اس منصوبےکاافتتاح کرینگےجو2014میں ہوچکا،اور نالج پارک کا افتتاح شہباز شریف کرچکےہیں۔