'نوازشریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہیے'

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سزا ختم ہونے سے...
شائع 24 دسمبر 2021 07:38pm

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سزا ختم ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں ۔ نوازشریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہیے ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب ،کے پی کے بلدیاتی انتخابات، معاشی اعشاریوں اور سیاسی امور پر بات کی گئی۔

اجلاس میں بیرسٹر سیف نے کے پی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اعدادو شمارپیش کرتے ہوئے کہا کہ ویلیج کونسل کے نتائج میں بہتری کی امید ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹوں کی تعداد کے مطابق تحریک انصاف کے پی میں مقبول ترین جماعت ہے ۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ن لیگ اورپیپلزپارٹی کا کے پی الیکشن سے متعلق خوشی منانا حیران کن ہے ۔ نوازشریف کی سزا ختم ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ سزا یافتہ شخص کی سزا ختم ہو جائے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نے عوام کا پیسہ لوٹا اورباہرمنتقل کیا ۔ پانامہ میں نواز شریف کا نام آیا اور عدالت نے ڈس کوالیفائی کیا، نواز شریف آج تک منی ٹریل بھی نہیں دے سکے ۔ ایک مجرم کی سزا ختم کر کے کیسے چوتھی بار وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے پی بلدیاتی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کے نتائج کا انتظار ہے ۔ حتمی نتائج آنے کے بعد تمام معاملات کا جائزہ لیں گے ۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا ووٹر اور عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے ۔ تحریک انصاف کو ووٹ زیادہ پڑا، اس کو اجاگر کیا جائے ۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کے پی الیکشن سے متعلق خوشیاں منانا حیران کن ہے ۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ وہ کس بات کی خوشیاں منارہے ہیں ۔عمران خان نے کہا کہ نواز شرہف کی سزا ختم کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ۔ نوازشریف کی جو نا اہلی ہوئی اگر وہ کرپشن نہیں تو کیا کرپشن ہوتی ہے، نوازشریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہیے، چھوٹے کیسز میں ملوث لوگ جیلوں میں اور بڑے چوروں کے لیے راستے نکالے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں ۔

وزیراعظم نے ترجمانوں کو اہم ٹاسک سونپ دیا اور ہدایت کی کہ نواز شریف کی کرپشن اور نااہلی کو ہائی لائیٹ کیا جائے ۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلی سطح مشاورتی اجلاس بھی ہوا ،پنجاب اور کے پی دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی طے کی گئی ۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کے پی بلدیاتی الیکشن میں سابقہ غلطیاں نہ دہرانے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی امیدواروں کی سکروٹنی اور ٹکٹوں کے اجرا کی خود نگرانی کروں گا ۔

وزیراعظم نے وزیر اعلی کے پی کو صوبے میں پارٹی کارکنان کو منظم کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعطم نے کہاکہ پنجاب میں بلدیاتی میدان میں اترنے کی بھر پور تیاری کی جائے ۔

اجلاس میں ناراض کارکنوں کے منانے کا بھی فیصلہ ہوا ۔ ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد الیکشن لڑنے والوں سے رابطہ کرکے پارٹی میں واپس لایا جا نے کا فیصلہ بھی اجلاس میں کیا گیا ۔

اجلاس میں شرکاء نے رائے دی کہ بلدیاتی انتخابات میں مخالفین نے بے تحاشا پیسہ خرچ کیا ۔

Read Comments