'پنجاب کے عوام کی حق تلفی ہو رہی ہے اور ریاست خاموش ہے'
مسلم لیگ نون کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے پچیس مارچ کو بلدیاتی اداروں کی بحالی کا حکم دیا تھا لیکن عمران خان اور عثمان بزدار نے تیاری کے نام پر سات ماہ لگا دئیے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کی حق تلفی ہو رہی ہے اور ریاست خاموش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار نے سپریم کورٹ کے حکم کو روند ڈالا۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدام کی جرات تو کبھی آمروں تک کو نہیں ہوئی۔
دوسری جانب لیگی رہنماوں نے دعوٰی کیا ہے کہ حکومت منی بجٹ میں 500 ارب کے ٹیکس لگانے جا رہی ہے۔ اپوزیشن نے حکومت کے منی بجٹ کوبلڈوز کرنے کیلئےپلان تیار کرتے کہا ہے کہ عوام مہنگائی سے پس رہی ہے یہ آئی ایم ایف کا منی بجٹ ہے اس کا پاکستانی عوام سے کوئی تعلق نہیں۔
مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں منی بجٹ ، فنانس بل اور سٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں منی بجٹ کے حوالے سے پارٹی حکمت عملی طے کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی اورمریم اورنگزیب کا کہنا تھا حکومت منی بجٹ میں 500 ارب کے ٹیکس لگانے جا رہی ہے جس سے ہر پاکستانی متاثر ہوگامنی بجٹ پر پارلیمان میں بحث نا ہوئی تو سخت احتجاج ہوگا۔
آصف زرداری کے اسلام آباد میں قیام اور اہم ملاقاتوں سے متعلق شاہد خاقان عباسی نے کہا اللہ انکی ملاقاتوں میں برکت ڈالے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے ازراہ تفنن کہا کہ آج میری سالگرہ ہے لیکن کیک نہیں کاٹا کیونکہ کیک کوئی نہیں لایا ۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا حکومت جو منی بجٹ لا رہی ہے وہ مہنگائی کا سونامی لیکر آئے گا۔ منی بجٹ مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا۔ منی بجٹ کو بلڈوز کرنے کیلئے مکمل پلان تیار کر لیا گیا ہے۔