'جنوبی پنجاب کے پونے چار کروڑ لوگوں کو الگ صوبہ دینے کا وعدہ کرکے دھوکہ دیاگیا'
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے پونے چار کروڑ لوگوں کو الگ صوبہ دینے کا وعدہ کرکے دھوکہ دیاگیا، یہاں غربت اور بے روزگاری کا سونامی ھے.
وہ ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف میں مہنگائی بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف ہونے والے جلسہ سے خطاب کررھے تھے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں حکومت کا بس چلے تو سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے، اب ہمارے معاشی فیصلے بھی آئی ایم ایف کررہاہے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا ملک میں انصاف نہیں ہے، ہم پینڈورا پیرز کا معاملہ سپریم کورٹ لیکر گئے لیکن سپریم کورٹ نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ پینڈورا اور پانامہ میں بڑے بڑے لوگوں کے نام ہیں اگر پینڈورا میں کسی غریب آدمی کا نام ہوتا تو اسے ابتک پھانسی پر لٹکادیاگیاہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تینوں بڑی پارٹیاں صحت وتعلیم سمیت تمام تر پسماندگی کی زمہ دار ہیں - شیر بلا اور تیر چوروں اور لٹیروں کے نشانات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ کی ریاست قائم ہوجائے تو عمران خان اور عثمان بزدار جیل جائیں گے موجودہ وزیراعلی نے تونسہ کو ابھی تک ضلع نہیں بنایا تونسہ کو فوری طور پر ضلع بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں سراج الحق نے تونسہ شریف کے عوام سے کہا کہ اگر وہ تونسہ شریف کو ضلع بنوانے کے لیے وزیراعلی کی رہائشگاہ پر دھرنا دیں تو وہ بھی پہنچ جائیں گے۔