'گزشتہ 30 سال کراچی کی بربادی کے سال ثابت ہوئے ہیں'
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کہتے ہیں کہ کراچی سے سندھ اور پاکستان کی معیشت چلتی ہے، گزشتہ 30 سال کراچی کی بربادی کے سال ثابت ہوئے ہیں ۔
جماعت اسلامی نے 31 دسمبر کو سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کوآپریٹو سوسائٹیز ڈیپارٹمنٹ کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ہاؤسنگ سمیت دیگر سوسائٹیز کے رہائشی پریشان ہیں، سوسائٹیز کے اصل آلاٹیز کو پلاٹ نہیں دیا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ تمام شہری ادارے بلدیاتی حکومت کے ماتحت ہونے چاہیے، جماعت اسلامی اب کوآپریٹو سوسائٹیز کے رہائشیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی غاصبانہ ایکٹ سندھ حکومت نے ہم پر نافذ کر دیا ہے، 36ادارے الگ الگ کام کر رہے ہیں، کسی محکمے میں کوئی کوآرڈینیشن نہیں ہے۔