Aaj Logo

شائع 24 جنوری 2022 10:32am

کراچی: ضلع جنوبی کے 3 سب ڈویژنز میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد ضلع جنوبی کے 3 سب ڈویژنز میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے ڈویژنز میں گارڈن، صدر اور سول لائن کے علاقے شامل ہیں اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق،مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں عیدگاہ لین گلی نمبر 8 سے 11 کا علاقہ شامل ہے جبکہ ڈیفنس سن سیٹ اسٹریٹ فیز 2، نیول ہائیٹس، رومی اسٹریٹ کلفٹن، کلفٹن ٹاور، مکی مسجد محمدیہ، اقبال لین ایل بلاک، بوٹ بیسن، خیابان شاہین اور خیابان بدر کے ایک گھر میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں کے رہائشیوں کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق،لاک ڈاؤن والے علاقوں میں اجتماعات اور تقریبات پر پابندی ہوگی، ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے گا، متاثرہ علاقوں میں ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ لاک ڈاؤن22 جنوری سے 5 فروری تک نافذالعمل رہے گا۔

خیال رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کی شرح اب بھی 40 فیصد کے قریب ہے جس کے پیش نظر ضلع انتظامیہ کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Read Comments