Aaj Logo

شائع 25 فروری 2022 11:39pm

پی ایس ایل 7: لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

لاہور قلندرز کے 169 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم حاصل نہ کرسکی اور پوری ٹیم آخری اوورز میں آؤٹ ہوگئی اور یوں لاہور قلندرز نے 6 رنز سے میچ جیت کر پی ایس ایل کے فائنل کا ٹکٹ کٹالیا.

لاہور کی اننگز

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں فخرزمان ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے اور ڈاؤسن بھی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

عبداللہ شفیق، کامران غلام اور محمد حفیظ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق 52، کامران 30 اور محمد حفیظ 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیام ڈاؤسن اور محمد وسیم جونیئر نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

لاہور قلندرز کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور مسلسل وکٹیں گرتی رہیں، الیکس ہیلز اور اعظم خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم دونوں ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم آخری اوورز میں 162 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں لاہور قلندرز نے آخری اوورز میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے میچ جیت لیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی لاہور قلندرز سپر لیگ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ اسلام آباد کی جانب سے اعظم خان 40 اور الیکس ہیلز 38 رنز بناکر نمایاں رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی، زمان خان اور حارث رؤف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے 7 ویں ایڈیشن کا فائنل ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان 27 فروری کو کھیلاجائے گا۔

Read Comments