Aaj Logo

شائع 08 مارچ 2022 07:07pm

ملک کو نااہل حکومت سے نجات دلائیں گے: پی ڈی ایم

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اجتماعی طور پر حکومت کے خلاف تحریک چلانے اور عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس وقت کوئی کارروائی نہ کرتے تو بہت دیر ہوجاتی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے مطلوبہ تعداد سے زیادہ تعداد موجود ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ اس تاثر کو رد کیا کہ کچھ مخفی قوتیں اپوزیشن کے اس اقدام کو ناکام بنانے میں کوئی کردار ادا کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بے نظیر بھٹو کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنایا اور اس بار بھی عمران خان کے خلاف تحریک کو کامیاب بنائیں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم نے ملک کی خارجہ پالیسی کو خراب کر دیا ہے اور جن ممالک نے ہر مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا وہ ہمارے ملک سے ناراض ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چین، سعودی عرب اور حال ہی میں یورپی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات خراب کیے ہیں۔

پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان نے ملک میں مغربی کلچر کو فروغ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نے تبدیلی کے بلند بانگ دعوے کیے لیکن ساڑھے تین سال میں کچھ نہیں کیا۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے ملک کے نوجوانوں کو بے روزگار کر دیا۔

ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت گرانے کیلئے سب سے رابطے میں ہیں اور حکومت کے اتحادیوں پر بھی زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور ملک کو نااہل حکومت سے نجات دلائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ناراض اراکین بھی ان کی جدوجہد میں اپوزیشن کا ساتھ دے رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت کا لانگ مارچ کامیاب رہا کیونکہ اس نے اپنے تمام اہداف حاصل کر لیے۔

Read Comments