Aaj Logo

شائع 16 مارچ 2022 02:08pm

لعل شہباز قلندر کاعرس: عقیدت مندوں کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایت

کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندر کے 22 مارچ سے 3 روزہ 770ویں سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کیلئے سیہون ٹاؤن آنے والے لاکھوں زائرین کو تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

کمشنر نے یہ ہدایات منگل کو عبداللہ شاہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کے 3 روزہ سالانہ عرس کی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ڈویژنل افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ عرس کی تقریبات کے دوران زائرین کی حفاظت کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

ندیم الرحمان میمن نے حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کے اطراف سے تجاوزات ہٹانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ حیسکو (حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی) انتظامیہ عرس کی تقریبات کے دوران غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے گریز کرے۔

انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان سے کہا کہ وہ اپنے کیمپ آفس سہون ٹاؤن میں قائم کریں اور اپنے متعلقہ ہنگامی پلان ضلعی انتظامیہ جامشورو کو بھی پیش کریں۔

کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران اپنی ذمہ داریاں محنت و لگن سے نبھائیں بصورت دیگر غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ سیہون شریف میں لعل شہباز قلندر کی درگاہ کے احاطے میں 16 فروری سنہ 2017 کو دھماکا ہوا تھا، جس کے باعث 72 سے زائد افراد شہید ہو گئے ہیں جبکہ 250 افراد زخمی ہوئے تھے.

Read Comments