Aaj Logo

اپ ڈیٹ 24 مارچ 2022 03:10pm

27 مارچ کو پوری قوم باہر نکلے تاکہ آئندہ کوئی بھی ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہ کر سکے، وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ 27 مارچ کو پوری قوم باہر نکلے تاکہ آئندہ کوئی بھی ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہ کر سکے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قوم کے نام ریکارڈ کروایا گیا خصوصی پیغام سوشل میڈیا، ریڈیو اور ٹی وی پر 11 بج کر 45 منٹ پر نشر کیا گیا۔

وزیراعظم نے قوم کے نام جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا قرآن میں امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا حکم ہے، اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو حکم دیتا ہے کہ اچھائی کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، حکم ہے کے بدی اور برائی کیخلاف کھڑے ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ آج ڈاکوؤں کا ٹولہ جو 30 سال سے اس ملک کو لوٹ رہا ہے اور کرپشن کر رہا ہے، پیسے باہر بھیج رہا ہے، وہ اکٹھا ہو کر عوامی نمائندوں کے ضمیر کی قیمتیں لگا کر انہیں کھلے عام خرید رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ ساری قوم 27 تاریخ کو میرے ساتھ نکلے، صرف ایک پیغام دینے کیلئے کہ یہ جو ملک میں جمہوریت اور قوم کیخلاف جرم ہو رہا ہے، چوری کے پیسے سے عوامی نمائندوں کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں، پوری قوم اس کیخلاف ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ پوری قومی 27 مارچ کو میرے ساتھ نکلے تاکہ سارے پاکستان کو پتہ چل جائے اور آئندہ کسی کی جرات نہ ہو کہ وہ اس طرح ہارس ٹریڈنگ کر کے اس ملک کی جمہوریت اور قوم کو نقصان پہنچائے۔

Read Comments