Aaj Logo

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2022 01:28pm

لڑکا لڑکی تشدد کیس: عثمان مرزا سمیت 5ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی گئی

رپورٹ: آصف نوید

اسلام آباد :سیشن کورٹ نے سیکٹر ای الیون لڑکا لڑکی تشدد کیس کا فیصلہ سنا تےہوئے مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت 5 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی جبکہ دیگر 2ملزمان کو بری کر دیا ۔

ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد عطا ءربانی نےلڑکا لڑکی تشدد اور ویڈیواسکینڈل کیس کا فیصلہ سنایا، اس موقع پر پولیس نے عثمان مرزا سمیت تمام ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔

سیشن جج نے ملزم فرحان شاہین سے استفسار کیا کہ بتاؤ کیا ہوا تھا، کیا تم موقع پر موجود تھے؟ وکیل کو مت دیکھو مجھے بتاو وکلاء نے جو کہنا تھا وہ کہہ دیا۔

فرحان شاہین نے کہا کہ میں بےگناہ ہوں اور موقع پر نہیں تھا، جج نے ریمارکس دیے کہ اگر نہیں تھے تو جاؤ، تم نے بات ہی ختم کر دی، عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزم کو واپس لے جائیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت5 ملزمان کو عمر قید کی سزا کا حکم سنادیا۔

ملزمان میں محب بنگش، ادراس قیوم بٹ، حافظ عطاء الرحما اور فرحان شاہین شامل ہیں جبکہ عدالت نے دیگر 2ملزمان عمر بلال اور ریحان کو بری کر دیا ۔

اس مقدمے کا ٹرائل ساڑھے 5ماہ تک چلتا رہا، 21گواہان پر وکلا نے جرح کی، ایف آئی اے کی خاتون سمیت3اہلکار بطور گواہ شامل ہوئے جبکہ متاثرہ جوڑا 11جنوری کو اپنے بیان سے منحرف ہو گیا ہے، 6جولائی کو ویڈیو وائرل ہونے پر تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

Read Comments