Aaj Logo

شائع 30 مارچ 2022 05:47pm

ایم کیو ایم کا وفاقی حکومت سے علیحدگی کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت اکثرییت سے اقلیت میں تبدیل ہوگئی ہے۔

پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے وفاقی حکومت سے علیحدگی کرکے تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کی حمایت کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنوینئر ایم کیو ایم ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک عدم اعتماد سے پہلے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو بڑا سرپرائز دیا گیا اور بڑی حکومتی اتحادی ایم کیو ایم نے بھی اپوزیشن کے حق میں ووٹ دینے کا معاہدہ کر لیا۔

متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نے بظاہر قومی اسمبلی میں اکثریت کھو دی ہے، حکومت کے قومی اسمبلی میں نمبر 164 رہ گئے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے نمبرز 177 تک پہنچ گئے ہیں۔

منحرف حکومتی ارکان کے بغیر ہی متحدہ اپوزیشن کو قومی اسمبلی میں اکثریت مل گئی ہے اور اب اس پریس کانفرنس میں اس کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔

Read Comments