Aaj Logo

شائع 12 اپريل 2022 05:35pm

کسی کرائم منسٹر کو کام نہیں کرنے دیں گے: فرخ حبیب

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ہم کسی کرائم منسٹر کو کام نہیں کرنے دیں گے۔

دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زبردستی کرائم منسٹر اور امپورٹڈ حکومت نافذ کی گئی ہے، کرائم منسٹر نے امریکی خط دیکھنا بھی گوارہ نہیں کیا، کل کس منہ سے یہ بات کر رہے تھے کہ وہ پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلائیں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ اسد قیصر نے مراسلہ ایوان میں لہرا کر کہا تھا شہباز شریف یہ لیٹر دیکھ سکتے ہیں، ہم پارلیمنٹ کے اندر دوبارہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس بلانے کو مسترد کرتے ہیں، سپریم کورٹ کی سطح پر ایک کمیشن تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امپورٹڈ حکومت منظور نہیں نا کسی کرائم منسٹر کو کام کرنے دیں گے، الیکشن کمیشن کواپنی ذمہ داریاں پوری کرناہیں، فی الفور انتخابات ہماری اولین کوشش ہے، اپنی حکمت عملی آہستہ آہستہ سامنے لائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک کےفیصلے ملک کےاندر ہونا چاہیے، باہر نہیں، خبر ہے طبعیت ٹھیک ہوگئی ہے، ڈاکٹر نے سفر کی بھی اجازت دیدی ہے، موجودہ حکومت کا نظریہ اور ایجنڈا ایک نہیں، صبرکریں،کچھ دن میں دال جوتوں میں بٹےگی۔

انہوں نے کہا کہ کل پشاور میں تاریخی اجتماع ہوگا، 23 اپریل کو لاہور میں بڑا اجتماع ہوگا جبکہ ہفتے کو کراچی میں جلسہ عام ہونےجارہا ہے جس میں عمران خان خود شرکت کریں گے۔

Read Comments