Aaj Logo

شائع 13 اپريل 2022 06:23pm

لاہور ہائیکورٹ کا وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب 16 اپریل کو ہی کرانے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل سے پہلے کرانے کی حمزہ شہباز کی استدعا مسترد کر دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے حمزہ شہباز اور دوست محمد مزاری کی الگ الگ درخواستیں نمٹاتے ہوئے مختصر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے اجلاس شیڈول سے پہلے کرانے کی استدعا مسترد کر دی۔

دوسری جانب عدالت نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات سلب کرنے کا نوٹیفکیشن بھی منسوخ کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو 16 اپریل کے اجلاس کی صدارت کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے مختصر فیصلے میں یہ بھی ہدایت کی کہ کسی بھی رکن اسمبلی کو ووٹ کے حق سے محروم نہ رکھا جائے، تمام فریقین اور عملہ غیر جانبداری سے اپنے فرائض سرانجام دے۔

لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ 15 اپریل صبح گیارہ بجے تک اسمبلی میں توڑ پھوڑ کی مرمت مکمل کرائی جائے، تاہم مسلم لیگ (ق) نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

Read Comments