Aaj Logo

شائع 16 اپريل 2022 12:48pm

سعودی ولی عہد کا چینی صدر سے شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ فون کال میں چین اور مملکت کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

سرکاری سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مبینہ طور پر سعودی چینی مشترکہ کمیٹی کے کام کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق دونوں فریقین نے "دونوں دوست ممالک کے درمیان شراکت داری اور اسٹریٹجک تعلقات کو بڑھانے کے لیے مزید کوششیں کرنے پر بھی اتفاق کیا۔"

دریں اثنا دونوں رہنماؤں نے "بین الاقوامی حالات اور مشترکہ دلچسپی کے مسائل" کے بارے میں بھی بات کی۔

مزید براں چینی صدر نے یمن میں امن اور استحکام لانے کی کوششوں کے لیے "خطے میں سعودی عرب کے اہم کردار کی تعریف کی۔"

دونوں رہنماؤں کے درمیان آخری اطلاعاتی بات چیت اس وقت ہوئی جب سعودی عرب کے ولی عہد نے چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کے طیارے کے حادثے کے متاثرین کی یاد میں چین کے صدر کو تعزیت کا پیغام بھیجا تھا۔

تاہم بلومبرگ نے رپورٹ کیا کہ مارچ کے اوائل میں، سعودی عرب نے چین کے ساتھ توانائی کے تعلقات کو مضبوط کیا، کیونکہ تیل پیدا کرنے والی کمپنی سعودی آرامکو نے ملٹی بلین ڈالر کا ریفائننگ اور کیمیکل پروجیکٹ بنانے پر اتفاق کیا جو ایشیائی ملک کی مستقبل کی طلب کو پورا کرے گا۔

Read Comments